کراچی: پی سی بی نے سرفراز احمد کو تینوں طرز کی قیادت سے برطرف کر دیا جب کہ ان کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت بابراعظم کو سونپ دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹادیا، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اب دورہ آسٹریلیا کے لیے بھی قومی ٹیم میں شامل نہیں ہوسکیں گے، انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے اظہر علی کو کپتان بنادیا گیا ہے، سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کردیا جائے گا تاہم ٹیسٹ میں ان کے نائب ممکنہ طور پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہوں گے۔ اظہرعلی کو ٹیسٹ چیمپئین شپ کے سیزن 19-2020 کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
![]()
اظہر علی کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا
اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے
بابر اعظم کو قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنادیا گیا https://twitter.com/TheRealPCBMedia/status/1185105285054189568 …
211 people are talking about this
دوسری جانب سرفراز احمد کی خراب پرفارمنس کے باعث انہیں ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے بھی ہٹادیا گیا ہے، ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی قیادت بابراعظم کو دی گئی ہے، وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ تک ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کی قیادت کے لیے محمد حفیظ اور عماد وسیم کا نام بھی سامنے آرہا تھا اور پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کے لیے عماد وسیم کا نام دیا تھا تاہم ٹیم مینجمنٹ چاہتی ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میں کپتانی کی ذمہ داری بابراعظم کو ہی دی جائے۔
ٹی ٹوئنٹی کے نئے کپتان بابراعظم ممکنہ طور پر ون ڈے کے بھی کپتان ہوں گے تاہم اس کا حتمی فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے، اگلے 6 ماہ تک پاکستانی ٹیم کوئی بھی ون ڈے نہیں کھیلے گی اس لیے زیادہ امکان یہی ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے کپتان کو ہی ون ڈے کی قیادت بھی دی جائے گی۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی، میں اظہرعلی اور بابر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، اس سفر میں ساتھ دینے پر میں اپنے کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے پاکستان آسٹریلیا میں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔











https://www.pcb.com.pk/press-release-detail/azhar-ali-appointed-test-and-babar-azam-t20i-captain.html …