110

خیبر پختونخوا میں سرکاری سکولوں کی تعطیلات پھر متنازعہ

پشاور۔خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں واقع سرکاری و نجی سکولو ں کی موسم گرما کی تعطیلات میں مزید توسیع کے حوالے سے متعلقہ سرکاری افسروں کے درمیان رابطوں کے فقدان اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث سرکاری اورپرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہ چکرا رہ گئے ٗ صورتحال واضح نہ ہونے کی وجہ سے والدین اور طلبہ بھی ذہنی پریشانی اور غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار ہو گئے ہیں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ 15اگست سے تمام سکول کھلیں گے جبکہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے پرائمری سطح کے پرائیویٹ سکول 25اگست تک بند رکھنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔

ڈائریکٹر ایجوکیشن فرید خٹک نے ’’آج ‘‘ کے رابطے پر بتایا کہ کل 15اگست سے تمام سرکاری سکول جن میں پرائمری ٗ مڈل ٗ ہائی اور ہائیر سکینڈری شامل ہیں کھلیں گے جبکہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر ظفر علی شاہ کا کہنا ہے کہ پرائمری سطح کے پرائیویٹ سکول 25اگست تک بند رہیں گے ’’آج ‘‘ کے رابطے پر انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سطح کے پرائمری سکول بھی 25بند رہیں گے تاہم ڈائریکٹر ایجوکیشن نے اس امر کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ سرکاری پرائمری سکول کل ہر صورت کھلیں گے انہیں 14اگست تک سکول بند رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی ۔